محکمہ موسمیات کی رواں ہفتے کراچی سمیت سندھ ،بلوچستان میں شدیدبارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد(نیوزٹویو) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں پھرسےبارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے شمال مشرقی بلوچستان ، سندھ، خیبرپختونخوا ،بالائی اور جنوبی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو شمال مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 23 اور 24 اگست کے دوران موسلادھار بارش کے باعث کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد،دادو اور سکھر میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ 24اگست کے دوران قلعہ سیف اللہ ، لورالائی ، بارکھان، کوہلو، موسی خیل، شیرانی، سبی ، بولان، قلات،خضدار، لسبیلا اور ڈیرہ غازی خان کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں اور سفر کے دوران محتاط رہیں ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں سیزن میں 22 اگست تک ہونے والی بارشوں کا ریکارڈ بھی جاری کردیا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں یکم جولائی سے 22 اگست تک سب سے زیادہ بارش پہڈ عیدن میں 1539.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جولائی میں پڈ عیدن میں 535.4 ملی میٹر جب کہ 22 اگست تک 1004 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔اسی طرح موئن جو داڑو میں 811، لاڑکانہ میں 721، ٹنڈو جام میں 689.9، خیر پور میں 660، جیکب آباد میں 654، چھور میں 611 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں