محکمہ موسمیات کی سندھ میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی،صوبےمیں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

کراچی (نیوزٹویو) محکمہ موسمیات نے شہر قائد سمیت سندھ کے دیگرشہروں میں آج سے 18 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے تازہ جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کیا گیا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب اور اس سے ملحقہ رن کچھ کے اوپر ہوا کا کم دباؤ برقرار ہے جو جنوب مشرقی سندھ تک پھیلا ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی موجودہ صورتحال کے زیر اثر کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ، تھرپارکر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، سانگھڑ، نواب شاہ، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، دادو، جامشورو، شکارپور، گھوٹکی اور کشمور کے اضلاع میں 18 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی ڈویژن میں ہفتے کے آخر میں موسلادھار اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے، اس کے علاوہ،ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 60 فیصد کے درمیان رہنےکی توقع ہے جبکہ شمال مشرقی اور مشرقی ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں سے کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ، دادو، جامشورو، نواب شاہ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں اَربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے مسلسل اسپیل کے باعث پہاڑی علاقوں میں پانی کا تیز بہاؤ پیدا ہوسکتا ہے اور کیرتھر رینج کے ساتھ اور نیچے کی جانب سیلاب آسکتے ہیں۔اس دوران سمندر کے اندر غیر معمولی ارتعاش اور اونچی لہروں کی توقع ہے اور ماہی گیروں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ تمام متعلقہ محکموں کے حکام سے الرٹ، چوکس و تیار رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

حکومت سندھ نے اس سے قبل ہی صوبے بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور حکام کو تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ دفاتر اور ہسپتالوں میں کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں