مری میں برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ، سترہ میل کے علاقے سے سیاحوں کا داخلہ بند

مری (نیوزٹویو)مری میں برف باری کا سلسلہ رکنے کے بعد سرد ہواؤں کا راج برقرار ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور درجہ حرارت منفی 3 تک گرگیا ہے۔
سیاحتی مقام مری میں رات گئے برف باری کا سلسلہ رک گیا، گزشتہ رات مری میں ایک فٹ تک برف پڑی جس کے بعد مری میں درجہ حرارت منفی تین تک تک گرگیا ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے مری اور ملحقہ علاقوں میں سیاحوں کو برفباری میں محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سترہ میل کے علاقے سے سیاحوں کا مری میں داخلہ بند کردیا گیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ مری اور راولپنڈی انتظامیہ برف باری کے باعث پوری طرح الرٹ اور فیلڈ میں موجود ہے، ایکسپریس ہائی وے سمیت تمام اہم شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔
لوکل انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ سیاحوں کے لیے مناسب انتظامات کریں، ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر علاقوں سے سفر کرنے والوں سے احتیاط برتنے کی درخواست کی گئی ہے، عوام موسم کو مدِنظر رکھتے ہوئے سفر کریں۔
گزشتہ روز جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید ترین ژالہ باری کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
واضح رہے کہ تین روز قبل ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا تھا 5 انچ برف پڑی جسے سڑکوں سے ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں