مری میں داخلے کی مشروط اجازت،17جنوری تک سیاحوں کا داخلہ بند،روزانہ8ہزارگاڑیاں آسکیں گی

راولپنڈی (نیوزٹویو) راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے ملکہ کوہسارمری میں داخلے کی  مشروط اجازت دیدی ہے کمشنر راولپنڈی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مری میں روزانہ 8 ہزار گاڑیوں کے داخلے کی اجازت دے دی گئی، 17 جنوری تک مری سیاحوں کے لئے بند رہے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق داخلی گاڑیوں پر پابندی مسلح افواج اورمری اور آزادکشمیر کے رہائشیوں پر لاگو نہیں ہو گی، چیف ٹریفک آفیسر مری ٹریفک پلان ترتیب دیں گے، حد سے زائد گاڑیوں کو روکنے کی ذمہ داری بھی چیف ٹریفک آفیسر کی ہو گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مری میں سیاحوں کا داخلہ نہیں ہوسکے گا،ایکسین چیف ٹریفک آفیسر محکمہ موسمیات سے مکمل رابطے میں رہیں گے، چیف ٹریفک آفیسر، سٹی پولیس آفیسر مناسب نفری تعینات کرنے کے پابند ہونگے۔ یاد رہے کہ مری میں شدید برف باری کے بعد کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہنے والی گاڑیوں میں بچوں اور خواتین سمیت 23 اموات ہوئی تھیں۔ ان اموات کے بعد پنجاب حکومت نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جو مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لے کر تجاویز حکومت کو دے گی۔ انکوائری کمیٹی کو سات دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا کے لیے ایک کروڑ 76 لاکھ روپے مالی امداد کااعلان بھی کیا تھا اور مری کو ضلع بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ مری میں فوری طور پر ایس پی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے عہدوں کے افسروں کو تعینات کیا جائے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں