مسلح افواج ہرقسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار،مسئلہ کشمیرحل کیے بغیر خطے میں امن ایک خواب ہے،جنرل قمرجاویدباجوہ

اسلام آباد (نیوزٹویو)پاکستان کی مسلح افواج کےسربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن اوراستحکام ایک خواب ہے۔مغربی سرحدی زون کی منیجمنٹ کے لیے بروقت کی جانے والی ہماری کوششوں کی وجہ سے چیلنجز کے باوجود الحمدللہ آج پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات دفاع اور کشمیر سے متعلق پارلیمانی کمیٹیوں کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے آج جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ کمیٹیوں کے ارکان کوسکیورٹی، سرحدوں پرموجودہ صورتحال اور پاکستان آرمی کی جانب سے امن اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔وفد کو سرحدوں کی صورتحال اور پاک فوج کی امن کوششوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج نے عوامی حمایت سے دہشتگردی کیخلاف کامیابیاں حاصل کیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج عوامی حمایت سے ملکی صورتحال معمول پر لے کر آئیں، مغربی سرحد پر بارڈر مینجمنٹ کے تحت بروقت اقدامات کیے، چیلنجز کے باوجود الحمدللہ آج پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ ہم ہرصورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے علاقائی رابطوں کے ثمرات پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں ترقی کیلئے افغانستان میں امن کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نےپرتشدد انتہا پسندی کیخلاف قوم کے تعاون سے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر کاز اور کشمیر کے لوگوں کے لیے آرمی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ دنیا کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ کشمیر کے مسئلے کے پرامن حل کے بغیر امن اور استحکام خواب ہی رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں