مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب

اسلام آباد(نیوزٹویو)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آگنائرز اور سینئر نائب صدر مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئیں۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد مریم نواز نے 220 ووٹ لے کر ملک کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کااعزاز حاصل کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ مریم نواز نے 220ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امید وار آفتاب احمد نے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔
اپنے انتخاب کے بعد ایوان میں اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، قدرت کا نظام پہلے مشکلات پھر کامیابیوں سے گزارتا ہے، امیدہے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر جمہوری عمل کو برقرار رکھیں گے، افسوس ہوا کہ اپوزیشن ارکان موجود نہیں ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا اپوزیشن آج ایوان میں ہوتی اور جمہوری عمل کا حصہ بنتی، شور شرابا کرتی تو مجھے خوشی ہوتی، میں ان سب کی بھی وزیراعلیٰ ہوں جنھوں نے ووٹ نہیں دیا، اپوزیشن سے کہتی ہوں کہ میرے دروازے ان کے لیے بھی کھلے رہیں گے کیونکہ میں ان کی بھی وزیراعلیٰ ہوں۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا جن امتحانات سے گزر کر یہاں تک پہنچی ہوں اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، ایسا وقت بھی دیکھا جب ہر چیز ہمارے خلاف تھی، جب آپ انتقام کا نشانہ بن کر کسی عہدے پر پہنچتے ہیں تو تاثر ہوتا ہے کہ آپ بھی انتقام کا بدلہ لیں گے لیکن میرے دل میں کسی سے انتقام لینے کی خواہش نہیں ہے، مجھے ظلم اور انتقام کا نشانہ بنانے والوں کی شکر گزار ہوں، سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہوں، میرا وزیراعلیٰ بننا ہر پاکستانی خاتون کے لیے ایک اعزاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا، تمام مشکلات کے باوجود میدان نہیں چھوڑا، ایوان جمہوریت کا پرچم سربلند رکھے گا، مقابلہ جمہوریت کاحسن ہے، ہم نے کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا۔
مریم نواز نے کہا جس نے ووٹ دیا اور جس نے نہ دیا سب کی وزیراعلیٰ ہوں، میرے دل، چیمبر کے دروازے اپوزیشن ارکان کےلیے بھی ہر وقت موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں