مقتول صحافی ارشد شریف سے متعلق تحقیقات،سیکریٹری داخلہ و خارجہ کو نوٹس جاری

اسلام آباد(نیوزٹویو)اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقتول صحافی ارشد شریف سے متعلق تحقیقات کے لیے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کے دوران سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری خارجہ کو نوٹس جاری کر دیا۔درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سماعت کی۔بیرسٹر شعیب رزاق نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ کمیشن بنا کر تحقیقات کرائی جائے کہ ارشد شریف کن حالات میں باہر گئے۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ ارشد شریف کی میت پاکستان لانے کے لیے اقدامات کا حکم دیا جائے۔ چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے استفسار کیا کہ ارشد شریف کی میت کہاں ہے؟ بیرسٹر شعیب رزاق نے انہیں بتایا کہ ارشد شریف کی میت نیروبی میں ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری خارجہ کو نوٹس جاری کر دیا اور ہدایت کی کہ وزارتِ داخلہ اور وزارتِ خارجہ کے نامزد افسر ارشد شریف کی فیملی سے فوری ملاقات کریں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس حوالے سے کل تک رپورٹ بھی طلب کر لی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں