ملک بھر میں 76واں جشن آزادی منانے کی تیاریاں قومی جذبےاوربھرپورجوش وخروش سے جاری

اسلام آباد(نیوزٹویو) وفاقی دارالحکومت  اسلام آباد سمیت ملک بھر میں 76 ویں یوم آزادی کی تیاریاں  قوی جذبے اوربھرپورجوش و خروش کے سا تھ جاری ہیں کل دن کاآغاز وفاقی دارالحکومت میں 31توپوں کی سلامی سے ہوگا نماز فجر میں ملک کی سلامتی، خوشحالی اورترقی کے لیے دعائیں مانگی جائیں گی جبکہ پرچم کشائی کی تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہو گی ایوان صدراورپارلیمنٹ سمیت  تمام صوبوں کے صوبائی دارالحکومتوں میں اہم قومی عمارتوں کو قومی پرچموں اوررنگ برنگی لا ئٹوں او رجھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے  دوسری جانب جشن آزادی سے پہلے ہی ہر گلی، محلے میں جیسے سبز ہلالی پرچموں کی بہار آگئی ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد کو پرچم اور جھنڈیوں کی خریداری کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں جشن آزادی کے حوالے سے قومی پرچم، جھنڈیوں، بیجز اور دیگر آرائشی اشیاء کی فروخت کے لئے سیکڑوں عارضی سٹال لگائے گئے ہیں، جہاں سے شہری جشن آزادی منانے کیلئے مختلف آرائشی چیزیں خرید رہے ہیں۔

چھوٹے بچوں کیلئے جشن آزادی کی مناسبت سے لباس اور نوجوانوں کیلئے شرٹس بھی ان سٹالز سے خریدی جا رہی ہیں، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ چکی ہے، دکانوں، گھروں اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ نوجوانوں نے اپنی اپنی موٹر سائیکلوں اور کاروں کو بھی قومی پرچم سے سجایا ہوا ہے۔ہر شخص جشن آزادی کو لے کر انتہائی پرجوش دکھائی دیتاہے اور چودہ اگست آزادی کی خوشیاں منانے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں، مہنگائی کے باوجود شہریوں میں جشن آزادی منانے کے حوالے سے جوش و خروش میں کوئی کمی نظر نہیں آتی۔

ادھر جشن آزادی کے موقع پر منچلوں نے بھی مختلف پلانز بنا رکھے ہیں جبکہ پولیس بھی ون ویلرز اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا عندیہ دے چکی ہے۔یوم آزادی کے موقع پر ہلڑ بازوں کو نکیل ڈالنے کے لئے ہزاروں ٹریفک اورپولیس  اہلکار فرائض سرانجام دیں گے 

دوسری جانب پابندی کے باوجود باجوں کی سرعام فروخت جاری ہے، ضعلی انتظامیہ کی جانب سے باجے کی روک تھام کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں اپنائی گئی، دن رات باجے کی آوازوں نے شہریوں کے ناک میں دم کر رکھا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر باجے کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں