ملک میں چوروں،ڈکیتوں قاتلوں کوقانون کی گرفت میں لانے کےلیے کسی کی پرواہ نہ کی جائے،وزیراعظم

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیر اعظم شہباز شریف نے پولیس حکام کووفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے تحفظ اورجرائم کے خاتمے کے لیےڈولفن فورس کے قیام کے منصوبے کی فوری تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ پولیس اہلکار اپنے اﷲ کو راضی کرنے کیلئے اپنے فرائض کی ادائیگی بھرپور طریقہ سے ادا کریں چوروں، ڈکیتوں اور قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کسی چیز کی پرواہ نہ کی جائے پولیس قوم کی محافظ ہےفرض کی ادائیگی میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، اسلام آباد پولیس کی کارکردگی میں مزید اضافہ کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پولیس لائنز میں 100 بستروں کے ہسپتال، شہداء ماڈل کالج اور ایس پی یو اینڈ ڈولفن ہیڈکوارٹرز کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے گذشتہ ایک سال میں کارکردگی، ذمہ داری اور فرض کی ادائیگی قوم کی امنگوں کے مطابق نبھائی، قوم کو فخر ہے کہ انہوں نے عوام کی حفاظت کیلئے بھرپور کردار ادا کیا اور کسی خوف کو خاطر میں نہیں لائے، پولیس کے جوان شہید اور زخمی ہوئے لیکن اپنے فرض میں کوتاہی نہیں کی جس کو سراہتا ہوں، آئی جی پولیس بہادر فورس کی سربراہی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 100 بستروں پر مشتمل نیشنل پولیس ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا ہے، اس طرح کے ہسپتال ملک بھر میں پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کے علاج معالجہ کیلئے بننے چاہئیں، یہ جوان اپنے خون سے ہم سب کی حفاظت کرتے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ان کی اور ان کے خاندانوں کے علاج معالجہ کی ذمہ داری پوری کریں۔

وزیراعظم نے کہاکہ پولیس لائنز میں ہسپتال کی تعمیر سے پولیس کے جوانوں اور ان کے خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت میسر آئے گی، شہداء کالج کی تعمیر سے پولیس جوانوں کے بچوں کو بے پناہ فائدہ ہو گا، پولیس اہلکاروں کیلئے لاء اینڈ آرڈر الائونس پر یکم جولائی سے عملدرآمد شروع ہو گا، ڈولفن پولیس کے قیام کیلئے جامع پروگرام وضع کیا جائے گا اور ترکیہ کے تعاون سے تربیت فراہم کی جائے گی، سفارش، رشوت اور برادری ازم سے ملک کا بے پناہ نقصان ہوا، ہمارا معیار قابلیت اور میرٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو توقع ہے کہ ملک بالخصوص اسلام آباد میں چوروں، ڈکیتوں اور قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور کسی چیز کی پرواہ نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار اپنے اﷲ کو راضی کرنے کیلئے اپنے فرائض کی ادائیگی بھرپور طریقہ سے ادا کریں گے،اسلام آباد کی ڈولفن فورس ترکیہ کے تعاون سے قائم کریں گے، یہ ڈولفن فورس پورے ملک کیلئے ماڈل ہو گی، ڈولفن فورس کے جوانوں کو تربیت کیلئے ترکیہ بھجوایا جائے گا اور ترکیہ کے انسٹرکٹر کو تربیت کیلئے بلایا جائے گا، اس حوالہ سے جامع پروگرام وضع کیا جائے گا، وزیر داخلہ اس کا فی الفور منصوبہ تیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس جوان مایہ ناز قوم کے محافظ ہیں، اپنے فرض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے، کوئی رخنہ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی کارکردگی میں مزید اضافہ کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، مشکل صورتحال کے باوجود بھرپور وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں 2 ہزار نوجوانوں کی میرٹ پر بھرتی خوش آئند ہے، تمام شعبوں میں میرٹ اور قابلیت پر بھرتیاں ہونی چاہئیں پھر اس قوم کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، سفارش، رشوت اور برادری ازم سے ملک کا بے پناہ نقصان ہوا، ہمارا معیار قابلیت اور میرٹ ہے، اسی سے قومیں بنتی ہیں، اس سے پاکستان کا نام روشن ہو گا اور پاکستان دنیا میں اپنا مقام بنائے گا۔

شہبازشریف نے اسلام آباد پولیس لائنز میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال، شہداء ماڈل کالج اورایس پی یو اینڈ ڈولفن فورس ہیڈکوارٹرز کا سنگ بنیاد رکھا۔ قبل ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پولیس لائنز میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع نےکہا کہ آئی جی اسلام آباد پولیس ناصر اکبر درانی نے وزیراعظم کو پولیس شہداء اور ان کے قربانیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں