ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری، برفباری کی پیشگوئی، پشاور میں 4 افراد جاں بحق

اسلام آباد(نیوزٹویو)ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ روز سے مسلسل ہونے والی بارش کے باعث راولپنڈی ٹریفک پولیس نے مری جانے والے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں گزشتہ روز سے تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد موسم انتہائی سرد ہوگیا جبکہ تیزہواؤں کے باعث بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج مری میں برفباری کی پیشگوئی کررکھی ہے۔
موسم خوشگوار ہونے کے بعد سیاحوں نے بڑی تعداد میں مری کا رخ کرلیا ہے، مری جانے والے سیاحوں کے لیے راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
سی ٹی او تیمورخان کا کہنا ہے کہ مری میں شدید دھند کے باعث گاڑی کی رفتار کم رکھیں، تیز بارش اور دھند میں فوگ لائٹ اور ڈبل اشاروں کا استعمال کریں، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرہ کے پیش نظر غیرضروری سفر سے گریز کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ دوران ڈرائیونگ جلد بازی اور ڈبل لائن بنانے سے اجتناب کریں۔ دوطرفہ ٹریفک چلنے کی وجہ سے اوورٹیکنگ سے گریزکریں۔ دوران سیاحت اپنی گاڑی کو مناسب اور محفوظ جگہ پر پارک کریں۔
ادھر کالام میں بھی شدید برف باری کے بعد رابطہ سڑکیں بلاک ہونے سے سیاح ہوٹلوں تک محصور ہوگئے ہیں۔
کالام میں بجلی کی سپلاٸی معطل ہونے سے مقامی افراد اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
جبکہ جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی میں واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے مخلتف علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اسلام آباد راولپنڈی میں اب تک 30 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی۔ راولپنڈی میں واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ مسلسل بارش کے باوجود نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کٹاریاں پر پانی کی سطح پانچ فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر چار فٹ ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔ خطہ پوٹھوہار،پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخواہ میں بارش کے باعث حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، دو گھر مکمل طور پر تباہ، چار کو نقصان پہنچا، پشاور کا یونیورسٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ نکاس آب کی ناقص صورتحال کی وجہ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں