موجودہ وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سائفر کو تسلیم کیا گیا، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(نیوزٹویو)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں سائفر ایک حقیقت تھی اور حقیقت ہے، موجودہ وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سائفر کو تسلیم کیا گیا۔

اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تقریباً پونے دو گھنٹے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی نوٹس ملے، میں نے سوال نامہ مانگا تھا، میں پہلے بھی پیش ہوا، سوالوں کا دیانتداری سے جواب دیا، آج کے سوالوں پر اپنا مؤقف دیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ذمے دار لوگوں، جن کا تعلق میری جماعت سے نہیں، انہوں نے کہا یہ سیاسی ڈرامہ ہے، سائفر معمولی نوعیت کا نہیں تھا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سائفر کی حیثیت اور نوعیت پر قومی سلامتی کے دو اجلاس بلائے گئے، ایک سابق وزیرِ اعظم اور دوسرا موجودہ وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا، دونوں اجلاسوں میں سائفر کو تسلیم کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں