مون سون صورتحال کا جائزہ، این ڈی ایم اے کا تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد

اسلام آباد(نیوزٹویو)مون سون کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے این ڈی ایم اے کا تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدرات قائم مقام چیئرمین این ڈی ایم اے نے کی جس میں محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن، پی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے، جی بی ڈی ایم اے، فیڈرل فلڈ ڈویژن، صوبائی اداروں، اسپارکو اور پی سی آئی ڈبلیو کے نمائندگان شریک تھے۔

قائم مقام چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے حالیہ مون سون کے دوران بڑے ڈیموں سمیت دریاؤں کے بہاؤ کا جائزہ لیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب اور سندھ میں شدید بارشیں ہوئی ہیں جبکہ 26 جولائی تا یکم اگست تک پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں مزید تیز بارشیں متوقع ہیں۔

اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز نے حالیہ بارشوں کے بعد امداد و بحالی کے اقدامات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

فیڈرل فلڈ ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم 81 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 77 فیصد تک بھر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے شاہدرہ پل کے قریب واقع دریائے راوی کی آبی گزرگاہ اور منگلا ڈیم کے بہاؤ کے راستے میں موجود تجاوزات کو ہٹانے کے لیے صوبائی ادارے اقدامات کریں۔

قائم مقام چیئرمین این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں تاکہ آفات سے نمٹنے اور ہنگامی حالات کے منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں