مہنگائی میں‌کمی آرہی ہے،برآمدات میں 5فیصداضافہ ،وزارت خزانہ

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں کمی آرہی ہے،ملکی معیشت کی بتدریج بحالی کا عمل جاری ہے اور دسمبر میں مہنگائی 28.5 فیصد جبکہ جنوری 2024 میں 25 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
وزارت خزانہ نے دسمبر کی ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت کی بتدریج بحالی کا عمل جاری ہے، نومبر میں پاکستان اسٹاک ایکسچنج نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، زرعی شعبے کی کارکردگی مثبت دکھائی دے رہی ہے، ربیع سیزن کے پیداواری اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں اور پنجاب میں گندم کے پیداواری رقبے میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی سے نومبر تک غیر ملکی سرمایہ کاری میں 8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی سے اکتوبر تک اخراجات میں 35 فیصد اضافہ ہوا، اسی دوران جاری اخراجات میں 44 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جولائی سے اکتوبر تک سود کی ادائیگیوں میں 63 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر میں مہنگائی 28.5 فیصد تک رہنے جبکہ جنوری 2024 میں 25 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
وزارت خزانہ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ جولائی سے نومبر تک برآمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس مدت میں درآمدات 16 فیصد کم ہوئیں، اسی دوران جاری کھاتوں کا خسارہ 64.5 فیصد کم ہوا جبکہ جولائی سے اکتوبر تک بجٹ خسارے میں 31.9 فیصد کمی ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں