مہنگائی نے 14سالہ ریکارڈتوڑڈالا،جولائی میں24.9 فیصدہوگئی

اسلام آباد(نیوزٹویو) پاکستان میں مہنگائی 14سال کی بلندترین سطح پر جا پہنچی وفاقی ادارہ شماریات نے ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمارجاری کردیے ہیں ان اعداد وشمار کے مطابق جولائی میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 4.3 فیصد اضافہ ہوا اور جولا ئی میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 24.9 فیصد ہو گئی۔ جبکہ گزشتہ برس جولائی 2021 میں مہنگائی صرف 8.4 فیصد تھی۔رپورٹ کے مطابق جولائی میں شہری علاقوں میں مہنگائی 4.47 فیصد اور دیہی علاقوں میں 4.17 فیصد بڑھی۔ رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں ماہانہ بنیادوں پر بجلی 39.35 فیصد مہنگی ہوئی اور  پٹرول 7.35 فیصد مہنگا ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ جولائی میں سبزیاں 25.14 فیصد، پیاز 13.65، دال چنا 13.87، آلو 10.87، خوردنی تیل 7.66 اور گھی 5.11 فیصد مہنگا ہوا۔رپورٹ کے مطابق جولائی میں چنے 5.36 ، دال مسور 9.01، دال ماش 9.73 ، دال مونگ 2.67، آٹا 6.34، چائے 8.98، چکن 3.02، پھل 7.11 اور ٹماٹر 12.46 فیصد مہنگے ہوئے۔اس کے علاوہ گزشتہ ماہ جولائی میں چکن 3.02 فیصد، پھل7.11 اور ٹماٹر 12.46 فیصد سستے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق شہری علاقوں میں ایک سال میں دال مسور 92.4 فیصد، پیاز 89.4 فیصد، گھی 74 اور خوردنی تیل 72.5 فیصد فیصد، سفید  چنے 67.4 فیصد اور مرغی 59 فیصد مہنگی ہوئی۔ پاکستانی ادارہ برائے شماریات کے مطابق ایک سال میں ملک کے شہری علاقوں میں  گندم 45 فیصد، دال چنا 43.2 فیصد، سبزیاں اور پھل 40 فیصد اور دودھ 24.7 فیصد مہنگا ہواہے۔ نان فوڈ انفلیشن میں شہری علاقوں میں ایک سال میں پٹرولیم مصنوعات 94.4 فیصد، بجلی کی قیمت میں 86.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ڈیزل 141.46 فیصد اور پیٹرول 119 فیصد مہنگا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی ماہانہ شرح میں 4.17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔دیہاتی علاقوں میں ایک ماہ میں آلو 20 فیصد، سبزیاں 14.7 فیصد، دال چنا 15.5، دال مسور 9.6 فیصد، انڈے نو فیصد، دال ماش آٹھ فیصد،  گندم سات فیصد اور چاول 6.1 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔

اگر دیہی علاقوں  میں افراط زر کے ایک سال کےاعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ایک سال میں دیہات میں پیاز 100 فیصد، دال مسور 90.4 فیصد، خوردنی تیل 82.7 فیصد، گھی 82.2 فیصد، چنے 74.4 فیصد، مرغی 60.8 فیصد، دال چنا 48.3 فیصد، پھل 46 فیصد اور سبزیاں 39 فیصد مہنگی ہوئی ہیں۔ ہاؤسنگ کے شعبے میں اخراجات اور کرایوں میں 21.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں