میک ان پاکستان کا فلسفہ ترجیح،برآمد کنندگان ایمزون پلیٹ فارم سے فائدہ ا ٹھا ئیں،مشیرتجارت رزاق داؤد

سیالکوٹ (نیوزٹو یو) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور برآمد کنندگان اور تاجروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر نے ان کا استقبال کیاہفتے کے روز ایس سی سی آئی سے اپنے خطاب میں انہوں نے برآمد کنندگان کی اندرونی اور بیرونی مشکل حالات کے باوجود برآمدات میں اضافہ کے لئے کی جانے والی ان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، سرجیکل ایسوسی ایشن، لیدر ایسوسی ایشن، اسپورٹس گڈز ایسوسی ایشن اور گلووز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور ”میک ان پاکستان”ہماری توجہ کا مرکز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے، وزارت تجارت نے خام مال اور دیگر اشیاء کی 4000 ٹیرف لائنوں پر کسٹمز ڈیوٹی کو ختم کردیا ہے، جو تمام ٹیرف لائنوں کا 54فیصد بنتاہے۔ انہوں نے برآمد کنندگان کو اس سے فائدہ اٹھانے کی تاکیدکرتے ہوئے کہا کہ ”ہم نے صنعت کو ترقی کی طرف موڑ دیاہے اور اب ہم اس صنعتی ترقی کے استحکام کی جانب گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔ ”میں برآمدکنندگان باالخصوص سیالکوٹ کی تاجر برادری سے توقع کرتا ہوں کہ وہ برآمدات میں اور بھی زیادہ اضافہ کریں گے۔انہوں نے اپنے حالیہ دورہ ازبکستان کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے وہاں کی مارکیٹ پر بھی توجہ دینے کی ترغیب دی اور بتایاکہ وزارت کامرس کی سلک روٹ ری کونیکٹ پالیسی کے تحت ایک ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر دستخط ہوچکے ہیں جبکہ بہت جلد اس کے شرائط و ضوابط طئے ہوجائیں گے انہوں نے ایمیزون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور برآمد کنندگان کو عالمی مارکیٹ سے منسلک ہونے کے لئے اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانے کی تاکید کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں