نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں،یہ قوم کامستقبل،خوشحالی کی ضمانت ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد(نیوزٹویو)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ نوجوان قوم کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، دل چاہتا ہے کہ ہر بچے کے پاس لیپ ٹاپ ہو اور ایک لاکھ نہیں ایک کروڑ لیپ ٹاپ تقسیم کروں،لیپ ٹاپ آپ کے لیے مشین لیکن میرے لیے مشن ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمعہ کو جناح کنونشن سنٹر میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے معاون خصوصی شزہ فاطمہ، عطا تارڑ، ملک احمد خان کے علاوہ چیئرمین ایچ ای سی ، اساتذہ، والدین اور طلبا و طالبات بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ قبل ازیں وزیراعظم نے فیتہ کاٹ کر پورے پاکستان کے طلبا وطالبات میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کا افتتاح کیا، وزیراعظم نے تقریب میں شریک مختلف یونیورسٹیوں کے نمایاں تعلیمی قابلیت کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات میں خود لیپ ٹاپ تقسیم کئے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب میں خادم پنجاب تھا تو نوجوانوں میں لاکھوں لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے بے شمار طلباکو تعلیمی وظائف فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ان میں سے بہت سے طلباو طالبات آج ڈاکٹرز ، انجینئرزاور کامیاب پروفیشنلزبن چکے ہیں اور پاکستان کی خدمت کررہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن لاہور میں ایک بچی نے لیپ ٹاپ لیتے ہوئے مجھے بتایا کہ اس کے والدین اس دنیامیں نہیں لیکن وہ ڈاکٹر بننا چاہتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے روشن مستقبل کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ میرادل چاہتا ہے کہ ہر نوجوان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دوں ۔کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا آئی تو درسگاہیں بند ہو گئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ ہی تھا جو نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور کامیاب پروفیشنل بننے کا ذریعہ بنا۔ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قوم کے ہر بچے جس کے پاس علم ہے اور محنت کرنا چاہتا ہے اسے اپنا پیٹ کاٹ کر لیپ ٹاپ فراہم کریں گے۔ یہ لیپ ٹاپ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کمانے کے قابل بنانے کا ذریعہ بھی بنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ایک سال کے دوران نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے اس کے لئے بجٹ میں رقم مختص کردی گئی ہے ۔یہ لیپ ٹاپ کسی سفارش پر نہیں بلکہ خالصتاً میرٹ پر ملے گا۔ وزیرعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو بھی 5 ارب روپے کے زرعی قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اس یقین کا اظہارکیا کہ نوجوانوں کی محنت رنگ لائے گی اور ہم آئی ٹی کے شعبے میں ہمسائیہ ملک کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے اور پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو ایک لاکھ نہیں بلکہ ایک کروڑ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کروں کیونکہ یہی لیپ ٹاپ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں