وزیراعظم سعودی عرب میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کرینگے

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب میں‌منعقدہ دو روزہ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کرینگے وزیراعظم اجلاس میں شرکت کے لیے 28 اپریل کو سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کے ہمراہ 28 سے 29 اپریل 2024 تک سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کو عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کرنے کے لیے سعودی عرب کے ولی عہد اور ورلڈ اکنامک فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر کلاؤس شواب کی طرف سے دعوت نامے موصول ہوئے۔
اجلاس میں پاکستان اعلیٰ سطح فورم میں پاکستان عالمی صحت کے نظام، جامع اقتصادی ترقی کو فروغ، علاقائی شراکت داروں کے درمیان تعاون کو فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے ساتھ توازن قائم کرنے کے چیلنجز کے حوالے سے تبادلہ خیال کرے گا۔اس موقع پر وزیراعظم اور وزیر خارجہ مختلف عالمی رہنماؤں، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف 4 اور 5 مئی 2024 کو گیمبیا کے شہر بنجول میں منعقد ہونے والے 15ویں او آئی سی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں