وزیراعظم شہبازشریف کا بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس،مئی تک نمایاں کمی کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سختی سے نوٹس لے لیاہے اور متعلقہ حکام کو ہدایات جا ری کی ہیں کہ اگلے ماہ تک لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کی جا ئے انہوں نے اعلیٰ حکام کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ وزیراعظم کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا کہ عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا، سابق حکومت کی مجرمانہ غفلت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں، تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف حکومت نے ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی، عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا، بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی، سابق حکومت نے ہمارے دور کے سستی اور تیز ترین بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کئے، مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کئے گئے، اس ظلم کی قیمت قوم کو ہر ماہ 100 ارب روپے کی شکل میں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 ارب میں ایل این جی کا جو ایک جہاز مل رہا تھا، وہ قوم کو 20 ارب میں پڑ رہا ہے، عمران حکومت کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا، توانائی کے شعبے کی تباہی کر کے پاکستان کی معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں