وزیراعظم شہبازشریف کی درخواست پر مسجد نبوی میں ہنگامہ آرائی کرنےوالے پاکستانی رہا

اسلام آباد( نیوزٹویو)سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نےوزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پرمسجد نبوی کا احترام ملحوظ نہ رکھنے کے الزام میں سزا بھگتنے والےپاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میں سعودی ولی عہد جناب محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے میری درخواست پر سعودی عرب میں اپریل 2022 کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ الّلہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ایک دوسرے کی غلطیوں پر درگزر کرنے والا بہتر مسلمان بنائے۔

یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر جانے والے پاکستانی وفد کے ارکان کی مسجد نبوی میں حاضری کے دوران کچھ افراد نے سیاسی نعرے بازی کی تھی۔ مدینہ منورہ میں پولیس نے مسجد نبوی کے صحن میں پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر برائے نارکوٹکس کنٹرول شاہ زیب بگٹی کے ساتھ’ بدسلوکی اور توہین‘ پر گرفتاریاں کی تھیں۔

سعودی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق ان میں سے کچھ پاکستانیوں کو قواعد کی خلاف ورزی اور مقدس مقام کا احترام ملحوظ نہ رکھنے پر گرفتار کیا گیا۔مدینہ منورہ کی عدالت نے تین پاکستانیوں کو آٹھ سال اور تین کو چھ سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ ایک اور پاکستانی کو بھی تین سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں