وزیراعظم نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سربراہی سے نام واپس لے لیا،وزیرخزانہ تعینات

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیراعظم شہبازشریف نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی سربراہی سے اپنا نام واپس لے کر اس کی سربراہی وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کو سونپ دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سربراہی سے اپنا نام واپس لے لیا ہےاور اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے۔ وزیراعظم کے حکم پروفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کو ای سی سی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہےاور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل ای سی سی کے چیئرمین وزیراعظم شہباز شریف تھے۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی ارکان میں تجارت، پاور اور پیٹرولیم کے وفاقی وزرا شامل ہیں، اقتصادی امور اور منصوبہ بندی کے وفاقی وزراء بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
قبل ازیں جمعہ کو وزیر اعظم نے 7 کمیٹیاں تشکیل دی تھیں اور سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین ہوں گے، یاد رہے کہ ماضی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت وزیر خزانہ کرتے تھے۔
واضح رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو کابینہ کی سب سے اہم کمیٹی سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کے ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی تمام ہنگامی معاشی معاملات اور حکومت کے مختلف ڈویژنوں کی جانب سے شروع کی گئی اقتصادی پالیسیوں کی ہم آہنگی پر غور کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں