وزیراعظم کا بجلی کے زائدبلوں کاسخت نوٹس،حکام سےتفصیلی رپورٹ طلب

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیرِاعظم شہباز شریف نے بجلی کے زائد بلوں کے حوالے سے عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیا ہےاوراس ضمن میں متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام سے  فوری تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سوموارکو وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہواجس میں انہوں نے متعلقہ حکام کو بجلی کے بِلوں کے حوالے سے عوامی شکایات پر ترجیحی بنیادوں پر تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔

وزیراعظم نے اجلاس میں کہاکہ عوام کی شکایات کے ازالے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، خادمِ پاکستان عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنے عوام کو جوابدہ ہے، میں اپنے عوام سے ہمیشہ سچ بولنے کے عہد پر قائم ہوں۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ برائے بجلی خرم دستگیر، معاونِ خصوصی احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

ملک کے کئی حصوں میں گھریلو اور صنعتی صارفین نے بجلی کے زائد بلوں کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا جس کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی۔گزشتہ ہفتے، پنجاب کے متعدد دیہاتوں کے کسانوں نے موٹرویز کو گھنٹوں کے لیے بلاک کر دیا تھا اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے خلاف نعرے لگائے تھے۔ مظاہرین نے بجلی کے بل تھامے ہوئے تھے ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت بجلی کے استعمال شدہ یونٹس کے مطابق بل جاری کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ مہینے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کو جون میں زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے 155 ارب روپے اضافی وصول کرنے کی اجازت دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں