وزیراعظم کا رواں سال ایک لاکھ طالب علموں کو فری لیپ ٹاپ دینےکااعلان

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیراعظم شہباز شریف نےرواں سال ایک لاکھ ہونہارطالب علموں کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم پر زور دیا ہے کہ جدید تعلیم کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کو فروغ دیں۔ منگل کو اسلام آباد میں ٹیلی اسکول پاکستان ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کو آگے بڑھانے کے لیے اچھا قدم لیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت اس معیار کی نہیں ہے جو کہ ہونی چاہیے اور ایسا نہیں لگتا کے رواں برس اس کے لیے تیزی سے قدم اٹھائے گئے ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم کو صوبوں کے ساتھ ملکر مربوط پروگرام بنانا چاہیے جس میں اساتذہ کو ٹیبلیٹس دیے جائیں جبکہ طلبا اور اساتذہ کی حاضری کو بھی دجیٹائیز کیا جائے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ رواں برس پورے پاکستان میں قابل اور ہونہار بچوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینے جارہے ہیں جو کہ آٹے میں نمک کے برابر ہے کیونکہ اگر بچوں اور بچیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا ہے تو ان کے ہاتھوں میں لاکھوں لیپ ٹاپ دینے ہوں گے تاکہ پورے پاکستان میں آئندہ کے ہونہار معمار جدید تعلیم کے اصلوب سے روشناس ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم صوبائی اور نجی اداروں سے ملکر ووکیشنل ٹریننگ سینٹر بنائیں کیونکہ اسلام آباد تک آپ کی حدود بہت تھوڑی ہیں اصل کام صوبوں کے ساتھ ملکر اس کام کو آگے بڑھانا ہےووکیشنل ٹریننگ سینٹر حکومتوں کا مقام نہیں ہے، ہمیں بچوں اور بچیوں پر سرمایہ کاری کرنی ہوگی اس کے لیے ہوٹلز، ٹیکسٹائل انڈسٹریز، سلائی کڑھائی اور موٹر مکینک کمپنیوں کی خدمات حاصل کریں اور فی کس بچا یہ بچی ان کو فیس ادا کریں تاکہ وہ کمپنیاں ان کی تربیت کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ کام نہیں کہ عمارات تعمیر کرائے، مشینیں منگوائے اس میں کرپشن ہو اور وقت کا نقصان ہو، لہٰذا ملک کے بہترین اداروں سے خدمات حاصل کی جائیں کیومکہ ایسا پروگرام ہم نے پنجاب میں شروع کیا تھا جو پورے صوبے تک پھیل گیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن بچے اور بچیوں کے والدین اس دنیا سے چلے گئے ہیں ان کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھنا، تعلیم کا انتظام کرنا ہمارا فرض ہے، وہ بہت ذہین بچے ہیں مگر ان کے پاس سرمایہ نہیں ہے۔ بلوچستان کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دانش اسکولوں کا انتظام کریں گے تاکہ ان کو بھی احساس ہو کہ وہ ترقی کے سفر میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں