وزیراعظم کی اٹلی کے ساحل پر کشتی حادثےمیں پاکستانیوں کے ڈوبنےکےحقائق پتہ چلانےکی ہدایت

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیراعظم شہباز شریف نے دفترخارجہ کو اٹلی کے ساحل کے قریب کشتی حادثے میں دو درجن سے زائد پاکستانیوں کے ڈوبنے سے متعلق حقائق جلد از جلد پتہ لگانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر اٹلی کے ساحل کے قریب کشتی حادثے کے حوالے سے کہا کہ کشتی حادثے میں دو درجن سے زائد پاکستانیوں کے ڈوبنے کی خبریں تشویشناک ہیں، دفترخارجہ کو ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد حقائق کا پتہ لگایا جائے

اس سے قبل دفتر خارجہ نے ترجمان نے کہا تھا کہ اٹلی کے ساحل کے قریب کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی موجودگی پر نظر ہے، روم میں پاکستانی سفارت خانہ اطالوی حکام سے حقائق جاننے کے لیے رابطے میں ہیں۔

اٹلی میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق اطالوی ساحل کے قریب کشتی پر سوار تارکین میں پاکستانی بھی تھے، کشتی ڈوبنے سے 28 پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، مبینہ طور پر کشتی پر 40 پاکستانی سوار تھے واضح رہے کہ اٹلی کے علاقے کلابریا کے قریب سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شیر خوار بچے سمیت 59 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

سمندر کنارے موجود اطالوی شہر کروٹون کے میئر نے ٹی وی چینلز کو کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 59 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ڈوب کر ہلاک ہونے والے 43 افراد کی لاشیں سمندر کنارے پائی گئیں تھیں جبکہ 80 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔ریسکیو سروس کر مطابق ڈوبنے والی کشتی میں 200 سے زائد افراد سوار تھے۔ واضح رہے دائیں بازو کے نظریات کی حامل اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے گذشتہ سال حکومت میں آنے کے بعد سمندر کے ذریعے اٹلی آنے والے افراد کی آمد کو روکنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔

کلابریا کے قریب پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے اٹلی کی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت تارکین وطن کی کشتیوں کی آمد کو روکنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے ذریعے ایسے واقعات کی بھی روک تھام ہوسکے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں