وزیراعظم کی باجوڑ دھماکےکی مذمت،دہشتگردوں نےقرآن اورپاکستان کی بات کرنےوالوں کونشانہ بنایا

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیر اعظم شہباز شریف نے باجوڑکے علاقے خار میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں  ہونے والےدھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے  وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور خیبرپختونخوا حکومت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں نے اسلام، قرآن اور پاکستان کی بات کرنے والوں کو نشانہ بنایا، دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، پاکستان کے دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔سیاسی جماعتوں پر حملوں سے واضح ہے کہ دشمن جمہوری نظام کے خلاف ہیں ان کو نشان عبرت بنادینگے

 وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، قائدین اور کارکنوں سے اظہار تعزیت کیا  ہےاور خار کے امیر مولانا ضیاءاللہ جان سمیت دیگر عہدیداروں، کارکنوں کی شہادت پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔ وزیراعظم نے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین سمیع اللہ سمیت دھماکے میں زخمی ہونے دیگر افراد سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کیلئے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں