وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجریوال ریمانڈ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حوالے

نیو دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) دہلی کی عدالت نے ریمانڈ پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو 28 مارچ تک کے ریمانڈ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کردیا ہے۔دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو جمعہ کے دن مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تاہم انفورسمنٹ بیورو ان پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے کوئی باضابطہ ثبوت پیش نہیں کرسکا۔ گرفتاری اور عدالتی کارروائی پر عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے وزیر اعظم کے گھر کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
واضح رہے کہ دو دن قبل اروند کیجریوال کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ چھاپے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ان کے گھر کی تلاشی کے دوران صرف 70 ہزار روپے ملے تھے۔
ایڈیشنل سولسٹر جنرل اے وی ایس راجو کا کہنا تھا کہ اروند کیجریوال ڈھائی سال قبل شراب سے متعلق پالیسی کی تبدیلی میں مرکزی کردار تھے۔ انہیں ’ساؤتھ گروپ‘ نے ایک کروڑ روپے ادا کیے۔ اس کے عوض اس گروپ کو دہلی بھر میں شراب کی فروخت پر مکمل کنٹرول حاصل ہوا۔ سوال صرف 100 کروڑ کی رشوت کا نہیں بلکہ 600 کروڑ روپے کا ہے جو بدلی ہوئی پالیسی کے نتیجے میں شراب کی فروخت میں کئی گنا اضافے سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سے حصے کے طور پر ملے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عام آدمی پارٹی کے کمیونی کیشن ہیڈ وجے نائر نے اس سودے میں مڈل مین کا کردار ادا کیا۔
اروند کیجریوال کے وکیل ابھشیک منو سِنگھوی نے کہا کہ انفورسمنٹ بیورو اب تک صرف ایک گواہ کی بنیاد پر بات کر رہا ہے۔ گرفتاری کا ٹھوس جواز بھی بیان نہیں کیا گیا۔ کسی کو گرفتار کرنے کا اختیار ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ گرفتار کر ہی لیا جائے۔
اس کیس میں جن لوگوں کے بیانات لیے گئے ہیں اُن میں سے 80 فیصد نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کا نام نہیں لیا۔ ایک گواہ کو محض اس لیے گرفتار کرلیا گیا کہ اس نے اروند کیجریوال کا نام لینے سے انکار کردیا تھا۔
اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا نے اپنے شوہر کی گرفتاری پر پہلے ردِعمل میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہر اس آدمی کو کچل دینا چاہتے ہیں جو اں کی مرضی کے مطابق نہ چلے یا کام نہ کرے۔
عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ مرکزی حکومت نے آپ کے تین بار کے منتخب کیے ہوئے وزیر اعلیٰ کو گرفتار کیا ہے۔ یہ تو آپ سے دھوکا کیا گیا ہے۔ آپ کے وزیر اعلیٰ ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ وہ جیل میں رہیں یا جیل سے باہر، اُن کا جینا مرنا ملک کے لیے ہے۔ جنتا سب جانتی ہے۔ طاقت کے نشے میں یہ تکبر کا مظاہرہ ہے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر کی گرفتاری پر دہلی بھر میں شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ پولیس نے عام آدمی پارٹی کے کئی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا ہے۔
دہلی کے کئی علاقوں میں جمعہ کو شدید ٹریفک جام دکھائی دیا۔ بہت سے علاقوں کی پولیس نے ناکہ بندی کردی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں سے متعلق ہدایات جاری کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں