وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امدادی فنڈ قائم کردیا

اسلام آباد(نیوزٹویو)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امدادی فنڈ قائم کر دیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام بالخصوص مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں۔ تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت میں قیامت صغریٰ برپا کی ہے۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب سے غیر معمولی تباہی ہوئی ہے اور سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں سیلاب سے بے تحاشہ نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود 5 ارب روپے سیلاب متاثرین کے لیے فوری جاری کر دیے۔وزیر اعظم کا مزید کہنا ہے کہ عوام بالخصوص مخیر حضرات مشکلات میں گھرے ان افراد کو دوبارہ آباد کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلاب متاثرہ بھائیوں،بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کی تھی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو فوری 5 ارب روپے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں