وسیم اکرم کی کراچی والوں سے معذرت

کشمیر (نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے دریائے نیلم پر موجود گندگی کے ڈھیر کو دیکھ کر کراچی والوں سے معذرت کی ہے۔ وسیم اکرم اِن دنوں کشمیر پریمئیر لیگ کی وجہ سے مظفرآباد میں موجود ہیں جہاں سے انہوں نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ دریائے نیلم پر موجود ہیں۔ سابق کرکٹر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں سوئٹزرلینڈ یا یورپ میں نہیں بلکہ اپنے خوبصورت پاکستان میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی والوں سے میری معافی مانگنا بنتی ہے کیونکہ میں سمجھتا تھا ہم کراچی والے صفائی کا خیال نہیں رکھتے لیکن مجھ سے غلطی ہوگئی کیونکہ ہم سب بہت گندے ہیں۔ انہوں نے کیمرہ گھماتے ہوئے ہاتھ کے اشارے سے اپنے پیچھے کا منظر دکھایا اور بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ خوبصورت دریا پر گندگی کے ڈھیر۔واضح رہے کہ وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم اکثر و بیشتر کراچی کے ساحل پر موجود گندگی کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں کو صفائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں