وفاقی دارالحکومت میں 24 گھنٹوں میں قتل کی تین وارداتیں،6 لڑکیاں اور3 لڑکے اغواء

اسلام آباد (نمائندہ نیوز ٹو یو) وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قتل کی تین وارداتیں رونما ہوئیں جبکہ 6لڑکیوں اور3 لڑکوں کو اغواء کر لیا گیا۔ خاتون نے اپنے چار سالہ بیٹے کو قتل جبکہ سابق شوہر کو زخمی کر دیا علاوہ ازیں قتل کے دو واقعات میں 6 افراد نے رشتہ کے تنازعہ پر ایک شخص کو قتل کر دیا جبکہ ایک شخص کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ تھانہ سبزی منڈی پولیس کو افضل نے بتایا کہ زبیر نے دیگر 5 افراد کے ہمراہ مل کر اس کے بھائی ریاض کو رشتہ کے تنازعہ پر قتل کر دیا ہے۔ تھانہ کھنہ پولیس کو محمد عاطف نے بتایا کہ ملزمہ جنت بی بی نے دیگر 2 افراد کے ہمراہ مل کر اپنے چار سالہ بیٹے ریحان کو قتل کر دیا جبکہ سابق شوہر عاطف کو جان سے مارنے کی خاطر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ تھانہ کھنہ پولیس کو مسماۃ (م۔ ب) نے بتایا کہ دو نامعلوم مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کے دوران اس کے شوہر محمد منشاء کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔تھانہ گولڑہ پولیس کو محمد اقبال نے بتایا کہ مسماۃ تہمینہ نے اس تین بیٹیوں اور 2 بیٹوں کو اغواء کر لیا، تھانہ کھنہ پولیس کو مسماۃ (س۔ گ) نے بتایا کہ یوسف نامی شخص اس کی 22 سالہ بہن کو اغواء کر کے لے گیا ہے۔ تھانہ ترنول پولیس کو مسماۃ (ن) نے بتایا کہ اشتیاق اور شہزاد اس کے 7 سالہ بیٹے سجاد کو اغواء کر کے لے گئے ہیں۔ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کو یاسر محمود نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان اس کی اہلیہ، بیٹے اور بھتیجی کو اغواء کر لیا ہے۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں