وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی آن لائن اظہار خیال کے لیےنئےقوانین بنانے کی تجویز

اسلام آباد(نیوزٹویو) وفاقی وزریر داخلہ محسن نقوی نے آن لا ئن اظہار خیال کے لیے نئے قوانین بنانے کی تجویز دیتے ہو ئے کہا ہے کہ ہمیں آن لائن اظہارِ رائے کے حوالے سے نئے قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔منگل کومحسن نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’اظہار خیال ٹھیک ہے، لیکن لوگوں پر جھوٹے الزامات لگانا غلط ہے، ایسا ہو رہا ہے اور اسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہمیں اپنے قوانین کا از سر نو جائزہ لینا چاہیے کہ کیا غلط استعمال ہو رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور مقبول اپوزیشن لیڈر عمران خان کی انتخابی مہم میں ایکس، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
ان کی زیادہ تر انتخابی مہم آن لائن چلی، جہاں اسے متعدد سوشل میڈیا بلیک آؤٹ کے ذریعے بند کیا گیا، تاہم نگراں حکومت نے اسے تکنیکی خرابی قرار دیا۔پولنگ کے دن ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ کی بندش سے دھاندلی کے دعوؤں کو بھی تقویت ملی، جس پر نگران حکومت نے کہا کہ ایک دن پہلے جڑواں بم دھماکوں میں 28 افراد کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اس کی ضرورت تھی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس بھی 17 فروری سے بند ہے، لیکن گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران بعض اوقات یہ سائٹ چند لمحوں کیلئے قابل رسائی رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں