ویکسینیشن نہ کروانے والے افراد کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا فیصلہ، حکومت پنجاب

لاہور (نیوز ڈیسک) حکومت پنجاب نے کورونا ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اہم فیصلے کر لیے ویکسینیشن نہ کروانے والے افراد کا موبائل سم کارڈ  بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔ 11 جون سے پنجاب بھر میں 18سال عمر سے زائد افراد کی واک اِن ویکسینیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  پنجاب کے اہم مزارات کے باہر موبائل ویکسینیشن کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔ 20 فیصد آبادی کی ویکسینیشن کروانے والے تمام اضلاع میں مکمل کاروبار کھول دئیے جائیں گے۔ محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیر عوام کی سہولت کی خاطر نوٹیفیکیشن بھی جاری کرے گا۔فیصلے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران کیے گئے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ڈی جی پی آر، محکمہ صحت کے سیکرٹریز اور اعلی سول وعسکری قیادت نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کوروناکے پھیلاؤ کو روکنے، ویکیسنیشن سنٹرزکی تعداد کو بڑھانے، سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات میں اضافہ ودیگراقدامات کا جائزہ لیاگیا۔ سیکرٹریز صحت سارہ اسلم اور برسٹر نبیل اعوان نے وزیر صحت اور چیف سیکرٹری کو صوبہ بھرمیں کورونا کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبہ بھرمیں کورونا کے کیسز اور اموات میں واضح کمی پر سیکرٹریز صحت کو سراہا گیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صوبہ بھرمیں کورونا کے تشویشناک مریضوں ں کی تعدادمیں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کی قیادت میں حکومت کوروناکے تدارک کے لیے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ویکسینیشن سنٹرزپر عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ 20 فیصدآبادی کی ویکسینشین والے اضلاع میں ماسک کی پابندی کے ساتھ کاروبار مکمل کھول دئیے جائیں گے۔ پنجاب میں ویکسینشین کے عمل کو بھرپور کامیاب بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں