ٹیکس کلچرکافروغ،ایف بی آر اور بحریہ یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(نیوزٹویو)وزیر اعظم پاکستان کےملک بھر میں ٹیکس  نظام کو ترویج دینے کے ویثرن پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایف بی آراوربحریہ یونیورسٹی اسلام آبادکے درمیان ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لئے  مفاہمت کی یادداشت  پر دستخط ہوئے۔ بحریہ یونیو رسٹی کی طر ف سے رجسٹرار شفقت آزاداور  تہمینہ عامر چیف فیٹ ایف بی آر نے مفاہمت کی  یادداشت  پر دستخط کئے۔مفاہمت کی یادداشت کے  تحت ایف بی آر  بحریہ  یو نیو رسٹی اسلام آباد میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے لئے ٹیکس کلچر اور ٹیکس آگاہی  کو فروغ دینے کے لئے ٹریننگ سیشنز کا انعقا د کرے گا۔ تربیتی سیشنز کے دوران اساتذہ اور طلبہ  کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے ٹیکس  کی ملکی ترقی میں اہمیت ، ٹیکس ادا کرنے اور ٹیکس چوری  کی نشاندہی جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کیا جائے گاتاکہ وہ آج کے طالب علم کل کے  ذمہ دار شہری ہونے کا کردار ادا کر سکیں۔ ایف بی آر طلبہ و طالبات  اور اساتذہ کو ٹیکس سے متعلقہ نصاب ، ٹریننگ سیشنز اور سیمینارز کے ذریعے تربیت فراہم کرے گا۔

مفاہمت کی یادداشت کے مطابق انتظامیہ بحریہ یو نیورسٹی  طلبہ اور اساتذ ہ کی ٹرینینگ کے لئے ایف بی آر کو یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں رسائی کو یقینی بنائے گا اور ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گا۔ یہ مفاہمت کی یادداشت تین سال کے لئے قابل عمل رہے گی اس موقع پر رجسٹرار بحریہ یونیورسٹی نےٹیکس کلچر اور ٹیکس کی اہمیت جیسے اہم موضوع کے بارے میں طلبہ و طالبات کو آگاہی دینے کے اقدام پر  ایف بی آر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تربیتی سیشنز کی بدولت طلبہ و طالبات کو مستقبل میں ٹیکس قوانین کی تعمیل کرنے اور ایک  ذمہ دار ٹیکس گزار ہونے میں مدد ملے گی۔ایف بی آر ٹیکس کلچر کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہا ہے اور ملک بھر میں ٹیکس سے متعلق آگاہی سیشنز اور سیمینار کرانے کو عملی جامہ پہنا رہا ہے تاکہ عوام کو ٹیکس کے بارے میں مزید آگاہی اور شعور دیا جا سکے۔ ان اقدامات کی بدولت ٹیکس گزاروں کی تعداد بڑھانے اور ریوینیو میں اضافہ ممکن ہو گا۔ تقریب میں ایف بی آر کے افسران راشد جاوید رانا، سیکریٹری فیٹ اور عدنان اکرم باجوہ سیکریٹری پی آر نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں