ٹی ٹوئنٹی سریز،انگلینڈ کا پاکستان کوجیت کے لیے 200رنزکا ہدف

کراچی (نیوزٹویو) ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نےپا کستان کو جیت کے لیے200رنزکا ہدف دیا ہے انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کرپہلے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنزبنائے کپتان معین علی نےجارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی

انگلینڈ کی جانب سے الیکس ہیلز اور فل سالٹ ابتدائی 5 اوورز میں 42 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ شاہنواز دھانی چھٹا اوور کرانے آئے اور پہلی ہی گیند پر پچھلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے ہیلز کو بولڈ کردیا۔ الیکس ہیلز نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔ شاہنواز دھانی نے نئے آنے والے بلے باز ڈیوڈ ملان کو کھاتہ کھولنے کی اجازت بھی نہیں دی اور چھٹے اوور کی دوسری گیند پر ان کی وکٹیں بھی اڑا دیں۔ فل سالٹ اور بین ڈوکیٹ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 37 گیندوں پر 53 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 12 ویں اوورز میں 95 رنز تک پہنچایا۔

حارث رؤف نے فل سالٹ کی وکٹیں بکھیرتے ہوئے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی اور پاکستان کے لیے تیسری کامیابی دلائی، جنہوں نے 27 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ کا اسکور 13 اوورز میں 103 رنز پر پہنچا تھا تو محمد نواز جارحانہ انداز میں 22 گیندوں پر 43 رنز بنانے والے بین ڈوکیٹ کی وکٹیں اڑا دیں۔

معین علی اور ہیری بروکس نے تیزرفتاری کے ساتھ 27 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور پاکستانی باؤلرز کو بے بس کردیا۔ حارث رؤف نے اننگز کے 17 ویں اوورز میں 19 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنانے والے بروکس کو بولڈ کردیا۔ پاکستانی باؤلرز نے ابتدائی پانچوں بلے بازوں کو بولڈ کردیا جبکہ 18 ویں اوور کی چوتھی گیند پر خوشل شاہ نے معین علی کا ایک آسان کیچ گرایا۔

چھٹی وکٹ پر معین علی کا ساتھ دینے کے لیے کیوران میدان پر اترے اور آؤٹ ہوئے بغیر 10 رنز بنا کر معین علی کا ساتھ دیا، دونوں کی شراکت میں 39 رنز بنے۔ معین علی نے اس شراکت کے دوران 23 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے اور ایک بڑا اسکور تشکیل دیا۔

انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 199 رنز بنالیے

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور شاہنواز دھانی نے بالترتیب 30 اور 37 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ محمد نواز کو ملی۔ سیریز میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد حسنین سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے اور اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں بغیر کسی وکٹ کے 51 رنز دیے۔اس سے قبل ٹاس جیت کر معین علی کا کہنا تھا کہ وکٹ تازہ نظر نہیں آرہی ہے اورہم نے ٹیم میں تین اسپنرز شامل کرلیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاؤسن کو گلیسن کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ ہم پہلے ٹی 20 میں ابتدائی 10 اوورز میں اچھا کھیلا، مڈل آرڈر کو بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے اور ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین کوشامل کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں