پاکستان ایران میں تجارت سےمتعلق الیکٹرانک ڈیٹاانٹرچینج سسٹم کےذریعہ ڈیٹا شیئرنگ پر اتفاق

اسلام آباد(نیوزٹویو) پاکستان اور ایران میں تجارت سے متعلق الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج سسٹم کے ذریعےڈیٹا کو ڈیجیٹل طورپر شیئر اور رمدان -گبد کراسنگ پوائنٹ‌پر گیٹ کو جلد آپریشنل کرنےپراتفاق ہو گیا ہے جبکہ ایران نے ایرانی ٹرکوں کو کوئٹہ تک آزاد نقل وحرکت کی اجازت مانگ لی ہےتفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم نے بدھ کوچیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ سے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ممبر کسٹمز (آپریشنز) بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت میں آسانیاں اور فروغ لانے کے لئے کسٹمز اور کراس بارڈر تجارت اور مینجمنٹ سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے بارٹر ٹریڈ سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے تاجروں کی سہولت اور سرحد پار تجارت کو بڑھانے کے لئے رمدان۔گبد کراسنگ پوائنٹ پر گیٹ کو جلد آپریشنل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ تفتان کی جانب پارکنگ ایریا کی توسیع سے ایرانی ٹرکوں کو سہولت ملے گی۔انہوں نے ایرانی ٹرکوں کو کوئٹہ تک آزاد نقل و حرکت کی اجازت دینے کا بھی کہا۔ چیئرمین ایف بی آر نے اُنہیں اس ضمن میں درپیش قانونی رکاوٹوں سے آگاہ کیا اوریقین دلایا کہ اس معاملہ پر غور کیا جائے گا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک الیکٹرانک ڈیٹا انٹر چینج (EDI)سسٹم کے ذریعے تجارت سے متعلق ڈیٹا کو ڈیجیٹل طور پر شیئر کرنے پر بھی کام کریں گے۔
ایرانی سفیر نے پاکستان کسٹمز اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام پر مشتمل ایک وفد کو بھی ملاقات کے لئے ایران آنے کی دعوت دی تاکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تمام سرحدی مسائل کو حل کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں