پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا،دنیا کی کوئی طاقت اسے نہیں روک سکتی،آرمی چیف عاصم منیر

اسلام آباد(نیوزٹویو) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فوج کی طرف سے پاکستان کی معاشی ترقی میں ہرممکن تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا اوردنیاکی کوئی طاقت اسے نہیں روک سکتی ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کرترقی میں حصہ ڈالیں۔ سوموار کوجناح کنونشن سنٹرمیں پاکستان انیشیٹو سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سر سبز کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں، پاکستان کو اللہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے، ہم باصلاحیت قوم ہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اس کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے بحیثیت ادارہ مکمل جانفشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلہ کی تکمیل کیلئے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہیں، جنرل سید عاصم منیر نے قرآن پاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں”۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے دو ہی حالتیں ہیں جب اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے جب خوشی ملتی ہے تو وہ شکر ادا کرتا ہے، پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، انشااللہ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں