پاکستان کا انگلینڈ کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جیت کے لیے167رنزکاہدف

کراچی(نیوزٹویو)پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سریز کے چوتھے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہو ئےانگلینڈ کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا ہے۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کے اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 97 رنز کا آغاز فرہم کیا،اس مجموعے پر بابر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

انگلش بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی بیٹرز کو بڑے شاٹ کھیلنے سے روکے رکھا، تاہم پھر بھی رضوان اور شان مسعود کے درمیان 40 گیندوں پر 52 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ شان مسعود 149 کے مجموعے پر 19 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیل کر ڈیوڈ وِلی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ 

واضح رہے کہ اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں دو جبکہ انگلینڈ کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔انگلینڈ کی ٹیم میں ایلکس ہیلز کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ڈاؤڈ ملان کو آرام دیا گیا ہے اور ڈیوڈ ولی کی جگہ پر سیم کرن کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔اسی طرح فاسٹ بولر مارک ووڈ بھی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں جبکہ ان کی جگہ پر اولی اسٹون کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ 

پاکستان ٹیم میں شاہنواز دہانی کی جگہ پر محمد وسیم جبکہ حیدر علی کی جگہ پر آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، آصف علی، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر اور محمد وسیم پر مشتمل ہے۔ 

انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت معین علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، ایلکس ہیلز، ول جیکس، بین ڈکِٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ وِلی، لیان ڈاؤسن، عادل رشید، اولی اسٹون اور ریس ٹاپلے شامل ہیں۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں