پاکستان کسٹمز(ایف بی آر) نےکروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ شراب  ضبط کر لی،5سمگلرزگرفتار

اسلام آباد/لسبیلہ (نیوزٹویو) پاکستان کسٹمز(ایف بی آر) نے کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ شراب  ضبط کر لی اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو تیز کرتے ہوئے ماڈل کسٹمز کولیکٹوریٹ گوادر اورپاکستان نیوی نے کھلے سمندر مشترکہ   آپریشن میں غیر ملکی شراب کی بڑی کھیپ بر آمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق کسٹمز گوادر اور پاکستان نیوی نے بروقت کاروائی کرکے سمگلنگ کی کوشش نا کام بنا دی اور لسبیلہ کے ساحلی علاقے وندر ڈام کے کھلے سمندر میں کشتی سے 4 ہزار 600 غیر ملکی شراب کی بو تلیں برآمد کر لیں۔ اسمگلرز شراب کی بوتلوں کو بیروں ملک سے پاکستان اسمگل کر رہے تھے۔ کاروائی کے دوران پانچ اسمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ابتدائی اندازے کے مطابق برآمد شدہ شراب کی مالیت کروڑوں روپوں میں ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اوربارڈر پرکارگو کی نقل و حرکت پر کڑی نگرانی مزیدبڑھا  دی گئی ہے ۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایف بی آر کی ملک بھر میں  کامیابی سے جاری انسداد سمگلنگ مہم کو سراہا ہے ۔ چیئرمین ایف بی آر/سیکریٹری ریونیو ڈویژن، ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے تمام طرح  کی سمگلنگ کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی  کو یقینی بنانے پر ممبر کسٹمز (آپریشنز ) ایف بی آر، سید محمد طارق ہدا کی تعریف کی ہے ۔ انہوں نے ٹیکس کمپلائنس کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے ملک بھر میں اسمگلنگ   کے ناسورسے نبرد آزما ہونے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں