پاکستان کسٹمز (ایف بی آر) نے طورخم بارڈر پر 10 ملین روپے مالیت کا سمگل شدہ سامان ضبط کر لیا

اسلام آباد(نیوزٹویو) پاکستان کسٹمز (ایف بی آر) نے طورخم بارڈر پر 10 ملین روپے مالیت کا سمگل شدہ سامان ضبط کر لیا ایف بی آر کے جاری کردہ اعلا میے کے مطابق  پاکستان کسٹمز (ایف بی آر) نے سمگلنگ کے خلاف عدم برداشت  کی پالیسی  کو   اپناتے ہوئے طور خم  بارڈر پر 10 ملین روپے سے زائد مالیت کا سمگل شدہ سامان بمعہ گاڑی کےضبط کر لیا ہے تفصیلات کے مطابق رجسٹریشن نمبرکے اے بی 465گاڑی جو بظاہر شکرقندی سے لدی  ہوئی تھی طورخم بارڈر کے کسٹم اسٹیشن سے پاکستان میں داخل ہوئی۔ سکین کرنے کے بعد  گاڑی کے تفصیلی  معائنے  پر معلوم ہوا  کہ اس میں  سوٹنگ کپڑا، ہندوستانی حقہ /چبانے والا تمباکو، چوہے مار زہر، پٹاخے اور ادویات وغیرہ پر مشتمل  10.50 ملین روپے مالیت کا متفرق  سمگل شدہ سامان موجود تھا جو  7.9 ملین روپے ٹیکس / ڈیوٹی پر مبنی تھا ۔ پاکستان کسٹمز نے گاڑی سمیت تمام غیر ٹیکس  ادا شدہ سامان ضبط کر لیا ہے اور گرفتار شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے سمگلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن اور ٹیکس چوری کے خلاف جاری مہم  پر ایف بی آر کو سراہا ۔ چیئرمین ایف بی آر/سیکریٹری ریونیو ڈویژن   ڈاکٹر محمد اشفاق احمدنے ممبر کسٹمز (آپریشنز) سید محمد طارق ہدا کے غیر متزلزل عزم کو سراہا جنہوں نے مثالی طور پر اپنی ٹیم کی قیادت  کی۔ انہوں نے طورخم  بارڈر پر ڈیوٹی پر تعینات  کسٹمز عملے کی بھی تعریف کی  اور ٹیم کے لیے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا۔ انہوں نے سمگلنگ کے خلاف اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا  کہ ایف بی آر کی ٹیم ہر صورت  اس ناسور کے خاتمے میں سرگرم عمل رہے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں