پاکستان کسٹمز نے 72لاکھ روپےمالیت کی یوریا کھادافغانستان سمگل کرنےکی کوشش ناکام بنا دی

اسلام آباد/کوئٹہ(نیوزٹویو) پاکستان کسٹمز (ایف بی آر) نے 72لاکھ روپے   مالیت کی یوریا کھاد کی افغانستان سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی انسداد سمگلنگ آپریشن کے حوالے سےبرآمدی سامان پر نگرانی  بڑھانے کے نتیجے میں  کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ کوئٹہ نے 72 لاکھ  روپے مالیت کی غیر قانونی یوریا کھاد ضبط کر لی جو  افغانستان سمگل کی جا رہی تھی- فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کارروائی کی تفصیلات  کے مطابق ، کسٹم سٹیشن چمن سے تازہ سبزیوں کی آڑ میں بھاری مقدار میں یوریا کھاد افغانستان سمگل ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہونے ملنے پر اسسٹنٹ کلکٹر کسٹم ہاؤس چمن نےمؤثر  کارروائی کرنے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی ۔ ایک 10 ویلر ہینو ٹرک کو  روک کر  اس کی مکمل تلاشی کرنے پر  تازہ سبزیوں (آلو) کے  نیچے چھپائے گئے یوریا کھاد کے تھیلوں کو  برآمدکرلیا گیا۔50 کلو  یوریا کھاد کے کل 480 تھیلے آلو کی 80 بوریوں کے نیچے چھپائے گئے تھے ۔ ضبط شدہ سامان کی کل مالیت 72 لاکھ روپے تھی ۔

برآمد کنندگان اور کلیئرنگ ایجنٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی  اور ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ۔ معاملے  میں ملوث تمام افراد کو بے نقاب کرنے کے لیے مزید تفتیش  کا عمل جاری ہے۔ تمام برآمدی سامان کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ،  لہٰذا بارڈر پر کارگو کی نقل و حرکت پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایف بی آر کی پاکستان بھر میں  جاری کامیاب انسداد سمگلنگ مہم کو سراہا ہے ۔ چیئرمین ایف بی آر/سیکریٹری ریونیو ڈویژن، ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے ممبر کسٹمز (آپریشنز ) ایف بی آر سید محمد طارق ہداکی تمام طرح کی سمگلنگ کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپنانے پر تعریف کی ہے ۔ انہوں نے ٹیکس کمپلائنس کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے ملک بھر میں اسمگلنگ کے ناسور کےخاتمے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں