پاکستان کو اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ نے غریب کیا ،آصف زرداری

اسلام آباد(نیوزٹویو) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو ہر قسم کی دولت دی ہےصرف دماغ کی کمی ہے اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ نے ہمیں غریب کیا۔بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار بھٹو کی 45 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ آج تاریخ میں بی بی بول رہی ہے، بی بی بول رہی ہے جو فرض میں چھوڑ کر گئی میں نے ادا کر دیا۔ کافی دوستوں کو پتا نہیں تھا شاید میں پارٹی سنبھال سکوں، مگر بی بی کو پتا کہ میں پارٹی سنبھال لوں گا، ہم ملک کو اور بھی بہتر کریں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہمارے نصیب میں نہیں لکھا ہمارا غریب ملک ہے، اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ نے ہمیں غریب کیا، اللہ نے پاکستان کو ہر قسم کی دولت دی ہوئی ہے، ہمارے پاس صرف دماغ کی کمی ہے، خدمت کرنے میں بھی ہماری ایک جنگ ہے، ہم ہمیشہ لڑتے رہے توعوام پھرکس لیے ہیں؟ ہمیں سب کچھ سوچنا اور سمجھنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ہرکام سوچ سمجھ کر کرتا ہوں ، ملک کا نقصان نہ ہو، عوام کا نقصان ملک کا نقصان ہے اور ملک کا نقصان ہمارا ہے، کچھ لوگوں نے ملک کا نقصان کیا جو آج بھی ہم برداشت کر رہے ہیں، خوشی ہے قیامت کے دن جب بھٹو کے سامنے بیٹھوں گا تو کہیں گے بیٹاشاباش، بھٹو صاحب کہیں گے کہ تم نےمیرا پالاند کیا، ہم نے بی بی کا پالاند کیا ، شہید بھٹو کا پالاند کیا ، ہم سب کا پالاند کریں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی طاقت سے صدر بنا ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی 40 سال سے لڑ رہی ہے، ہم ملک کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں