پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا خواب عمران خان کے ساتھ قبر تک جائے گا،اسحاق ڈار

اسلام آباد (نیوزٹویو)وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا خواب عمران خان کے ساتھ قبر تک تو جائے گا لیکن انشاء اللّٰہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں ریکارڈ قرضہ لیا گیا، ان کے دور حکومت میں ہم تباہی کے دہانے پر کھڑے تھے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ کا ٹکٹ لینے کیلئے لوگوں کی لائنیں لگی ہوئی تھی، ہم نے ریاست کے لیے اپنی سیاست کا نقصان کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں جو کمٹمنٹ کیں وہ پوری نہیں کیں جس کا پاکستان کو بہت نقصان ہوا، پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران نیازی آپ تو خوش قمست نکلے، جو حال آپ نے پاکستان کی معیشت کا کیا اگر آپ حکومت میں ہوتے تو لوگ آپ کا برا حال کر دیتے، حکومت نے پیرس کلب نہ جانے کا بولڈ فیصلہ کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک کمپیئن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرے گا، 2018 میں حکومت چھوڑی تو 25 ہزار ارب کا مجموعی قرضہ تھا، یہ 25 ہزار ارب کا قرضہ ساڑھے 44 ہزار ارب پر لے گئے، انہیں ایک سال یہ فیصلہ کرنے میں لگا کہ آئی ایم ایف میں جائیں گے یا نہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے روپے کا بیڑہ غرق کر دیا، اس کی قیمت آدھی کر دی، ان کا کوئی ڈسپلن نہیں تھا کوئی تیاری نہیں تھی، جاتے جاتے لینڈ مائن بچھا گئے، اپنے وعدے پورے نہیں کیے، چند مہینوں بعد پاکستان پوائنٹ نو ریٹرن پر آجاتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں