پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ،پاکستان نے پہلی اننگز476 رنزپرڈیکلیئرکردی

راولپنڈی (نیوزٹویو) پا کستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز آسڑیلیا نے اپنی پہلی اننگز میں کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے پانچ رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنانے کے بعد اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔ کم روشنی کے باعث جب دوسرے دن کا کھیل 16 اوورز قبل ختم کیا گیا تو اس وقت عثمان خواجہ چار جبکہ ڈیوڈ وارنر صفر پر بیٹنگ کررہے تھے۔ سنیچر کو کھیل کے دوسرے روز اظہر علی 185 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو یہ پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ کا نقصان تھا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 29 اور افتخار احمد 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔قبل ازیں 414 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گری تھی جب بابراعظم 36 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تھے۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان کو امام الحق کی صورت پہلی وکٹ کا نقصان ہوا جب اوپنر بلے باز 157 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے۔جمعہ کو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے۔کھیل شروع ہونے سے قبل جمعے کو انتقال کر جانے والے آسٹریلوی سپن بولر شین وارن کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سنیچر کو میچ سے قبل ٹوئٹر پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی ویڈیو شیئر کی۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ وکٹیں جلد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے میچ کی حکمت عملی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے ساتھ کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کا سکور بورڈ غیر متوازن ہے اس لیے ہماری کوشش ہو گی کہ وکٹیں حاصل کریں۔انہوں نے شین وارن کے انتقال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل وقت ہے۔انہوں نے شین وارن کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں چھوٹا تھا جب وہ کھیلتے تھے اور ان کو دیکھتا تھا۔ میں جب کرکٹ میں آیا تو انہوں نے مدد کی اور سراہا، ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں