پاک فوج کا بھارتی فوج کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کانوٹس،علاقائی سالمیت کےلیےتمام اقداما ت کا عزم،کورکمانڈرکانفرنس

راولپنڈی (نیوزٹویو) پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فوج کے پا کستان مخالف پروپیگنڈے کو نو ٹس لے لیاہے پا کستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی ہرزہ سرائی بھارت کے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث داخلی تضادات کا شکار ہے۔ بھارتی فوج کا پروپیگنڈا ان کی بوکھلاہٹ اور مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں 244 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، یہ کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہوئی۔جس میں خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور غیرملکی افواج کیساتھ تعاون اورمشترکہ مشقوں کے انعقاد میں اضافے پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں علاقائی سیکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور داخلی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکا نے پاکستان کو عدم استحکام کرنے کی سازشیں ناکام بنانے کا عزم کیا اور کہا کہ قربانیوں سے حاصل امن واستحکام کو تباہ کرنے کی سازش ناکام بنا دیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے عالمی برادری کا تعاون ضروری ہے۔ مزید برآں کانفرنس میں بھارتی فوج کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا نوٹس لیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کو غیر مستحکم کرنے، امن و استحکام کو خراب کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں