پنجاب اوروفاق میں کمزور مینڈیٹ ملا تو مزاحمت کرینگے،عمران خان

لاہور(نیوزٹویو) سابق وزیر اعظم اورچئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت اورقانون سے بالاتر ہے امید ہے کہ موجودہ آرمی چیف شفاف انتخاب کروائیں گے، پنجاب اور وفاق میں کمزور مینڈیٹ ملا تو مزاحمت کریں گے۔لاہور میں نجی ٹی وی چینلز کے پروڈیوسرز سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ حالات تب بہتر ہوں گے جب اسٹیبلشمنٹ قانون کی بالادستی کے لئے کام کرے گی۔ جتنی طاقت فوج کے پاس ہے اتنی کسی اور ادارے کے پاس نہیں، فوج مثبت رول ادا کرے تو ملک کو آگے جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں بہترین خارجہ پالیسی تھی، کبھی کسی کا امریکا میں ایسا استقبال نہیں ہوا جیسا میرا ہوا، ہماری حکومت کی کورونا پالیسی کو سراہا گیا، سابق برطانوی وزیراعظم نے ہماری ماحولیات کی پالیسی کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے معیشت قابو میں نہیں آنی، ملک 90 فیصد ڈیفالٹ ہو چکا ہے، اس وقت ہم یا تو دیوالیہ ہوں گے یا پھر ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا، بہتر ہوگا ہم اس صورت حال میں آئی ایم ایف کی طرف چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو بلا کر کہا گیا کہ عمران خان کا کوئی مستقبل نہیں، جنوبی پنجاب میں ہمارے لوگوں کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں شامل ہونےکے لئےکہا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں