پنجاب پولیس کے شہید اور وفات پانیوالے اہلکاروں کے بچوں کی بھرتی میں عمر کا ریلیف دینے کا فیصلہ

لاہور(نیوزٹویو) پنجاب حکومت نے دوران ملازمت شہید یا وفات پانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے بچوں کو بھرتی میں عمر کی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ  نے وزرا کو ہدایت کی کہ وہ عید کی چھٹیوں میں یتیم خانوں، جیلوں اور اسپتالوں کے دورے کریں۔

انہوں نے کوئٹہ گیمز میں شرکت کے اخراجات بھی کم کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی کابینہ نے فوڈ آپریشن کیلئے مارک اپ میں 18 ارب کمی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

 کابینہ نے شالیمار باغ، مزارقطب الدین ایبک، مقبرہ جہانگیر اور آصف جاہ کا انتظامی کنٹرول لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کو دینے کی مشروط منظوری بھی دی جب کہ شاہی قلعہ کا مکمل انتظام والد سٹی اتھارٹی کے سپرد کیا گیا۔

کابینہ نے پنجاب فلم سنسر بورڈ کی از سر نو تشکیل کی منظوری بھی دی۔

پنجاب حکومت نے صوبے میں تمام مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کا  بھی فیصلہ کیا ہے جب کہ  دوران ملازمت شہید یا وفات پانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے بچوں کو بھرتی میں عمر کی رعایت بھی دی جائےگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں