پیٹ کمنز اور عثمان خواجہ کا وائرل ویڈیو پر ردعمل

 اسلام آباد(ویب نیوز)ایشز سیریز میں جیت کے جشن کی وائرل ویڈیو پر آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ اور کپتان پیٹ کمنز نے ردعمل دیا ہے۔عثمان خواجہ نے اس وائرل ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ویڈیو بتاتی ہے کہ پوری ٹیم میرا کتنا ساتھ دیتی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ  لڑکوں  نے اپنی عام شیمپین کی تقریبات روک دیں تاکہ میں دوبارہ شامل ہو سکوں۔عثمان خواجہ نے لکھا کہ ’کھیل میں شمولیت اور بطور کھیل ہماری اقدار بہت اہم ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم صحیح سمت میں چل رہے ہیں۔دوسری جانب کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ عثمان مسلمان ہے اور شراب کے جشن میں اسے آنا پسند نہیں ہے تو میں نے بطور کپتان اس بات کو یقینی بنایا کہ ہمارے جشن میں پوری ٹیم شامل ہو۔خیال رہے کہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ ایشز سیریز کی فتح کا جشن منانے والے ساتھی کرکٹرز سے دُور کھڑے ہوگئے جس کی وجہ آسٹریلوی کرکٹرز کا شراب کی بوچھاڑ کرنا تھا۔کپتان پیٹ کمنز نے جب یہ دیکھا کہ عثمان خواجہ جشن منانے والوں میں موجود نہیں ہیں تو انہوں نے فوری طور پر شراب کی بوتلیں وہاں سے پیچھے ہٹوادیں اور عثمان خواجہ کو اسٹیج پر بُلایا۔ اور اُن کے ساتھ جشن منایا۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہوئی اور اس مختصر ویڈیو کلپ ‏کو شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین اس پر خوب تبصرے کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں