پیپلزپارٹی نےپنجاب کے 20حلقوں کےضمنی الیکشنز میں ن لیگ کی حمایت کااعلان کردیا

 لاہور (نیوزٹویو) پاکستان پیپلزپارٹی نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرنے کا اعلان کیا ہےاور کہا ہے کہ یقین ہے پنجاب کے عوام ضمنی الیکشن میں اعتماد کا ووٹ دیں گے۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق اور وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزماں کائرہ نے بدھ کو لا ہور میں  مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا۔ لیگی وزیر وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 20 حلقوں میں پیپلز پارٹی کی جانب سے بھر پور حمایت کا اعلان کیا گیا ہے اس فیصلے پر پیپلز پارٹی کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب اتحادی حکومت آئی توملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، عمران خان اور اس کے ساتھیوں نے سرکس لگایا ہوا تھا، عمران خان اور اس کے ساتھی اپنے ہی کھودے ہوئے گڑھے میں گرنے کے قریب تھے۔ ہمارے پاس آپشن تھا کہ خاموشی سے عام انتخابات کی طرف جاتے لیکن ہم سب نے مل کر اپنی سیاست کو داؤ پر لگایا اور ریاست بچانے چل پڑے، نحوست کے دورسے پاکستانیوں کی جان چھوٹی، ہم سب مل کر دیانتداری سے کا م کر رہے ہیں کہ ملک اس صورتحال سے نکلے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملکی بقا کا معاملہ ہو تو سیاست پیچھے رہ جاتی ہے، عمران خان کا منصوبہ سب کے سامنے تھا، عمران خان اور اس کے سہولت کار ای وی ایم کا منصوبہ لے کر آئے، ای وی ایم لانے کا مقصد عمران خان کو دو تہائی اکثریت دلانا تھا، اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو جاتا تو نتیجہ اچھا نہیں ہونا تھا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران کوئی بہتری نہیں لائی گئی، اتحادی جماعتیں پورے ملک کے عوام کی نمائندگی کرتی ہیں، یقین ہے پنجاب کے لوگ ہمیں خدمت کا موقع دیں گے۔

وفاقی مشیر قمر الزماں کائرہ نے کہا کہ جو امیدواران مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں ہم ان کو سپورٹ کریں گے۔قمر الزماں کائرہ نے کہا کہ یہ الیکشن جیت کر ہم نے جو فساد پیدا کیا گیا ہے اس کا جواب دینا ہے، اب چیزیں بہتری کی طرف جار رہی ہیں، قیادت نے کہا ہے کہ اس الیکشن میں صرف (ن) لیگ کی سپورٹ تک ہی نہیں رہنا ہے۔ ہم ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں ملک دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، عمران خان جاتے وقت ملکی معیشت میں بم لگا کر گئے ہم مشکل حالات میں ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں