پی آئی اے،حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل، دوسرا مرحلہ 2 جولائی سے شروع ہوگا

کراچی(نیوزٹویو)کراچی تا جدہ آپریٹ ہونے والی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز کے ساتھ ہی قبل از حج آپریشن مکمل ہو گیا۔

کل 268 پروازوں کے ذریعے سے 61،467 حجاج کرام حجاز مقدس روانہ ہوئے، ان پروازوں کے ذریعے سے تقریباً 41 ہزار سرکاری حجاج، 19 ہزار پرائیوٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ روانہ ہوئے۔

پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں۔

سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ سے حجاج نے براستہ کراچی، جدہ کا سفر کیا۔

یاد رہے کہ پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا جو 22 جون تک جاری رہا۔

اس سال پی آئی اے کی حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 94 فیصد رہا۔

268 پروازوں میں سے 249 پروازیں وقت پر یا وقت سے کچھ دیر پہلے ہی روانہ ہوئیں جبکہ پورے حج آپریشن میں صرف 19 پروازیں مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں۔

حج آپریشن میں بروقت روانگی کے اعلیٰ تناسب پر سی ای او پی آئی اے نے متعلقہ ٹیموں کو شاباش دی۔

پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کا آغاز 2 جولائی سے ہوگا جو 2 اگست تک جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں