پی آئی اے کا طیارہ عالمی ادارہ صحت کی ادویات اور امدادی سامان لے کر مزارشریف پہنچ گیا

مزارشریف (نیوزٹویو) پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا طیارہ افغان شہریوں کے لیےعالمی ادارہ صحت کی ادویات اور دیگرسامان پر مشتمل امداد لے کر افغانستان کے شہر مزار شریف پہنچ گیا۔ پی آئی اے کے مطابق مزار شریف پہنچنے والی کارگو فلائٹ میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے بھیجا گیا امدادی سامان اور دوائیں افغانستان پہنچائی گئی ہیں۔پیر کو امدادی سامان لے کر افغانستان پہنچنے والا پی آئی اے کا طیارہ حالیہ عرصے میں اپنی نوعیت کا پہلا عالمی امدادی مشن ہے جو امریکہ اور اتحادی افواج کے انخلا اور طالبان کے ملک پر کنٹرول کے بعد افغانستان پہنچا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں پی آئی اے کا کہنا تھا کہ یہ انسانی امداد کی عالمی کوششوں کی معاونت کی روایت کا حصہ ہے۔

افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے پی آئی اے کی خصوصی فلائٹ کو انسانی امداد کے لیے قائم ایئر برج سے تعبیر کیا اور قومی ایئر لائن کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے افغانستان بھیجے جانے والے سامان کی تصویر ٹویٹ کی اور بتایا کہ پی آئی اے کا خصوصی بوئنگ 777 کارگو طیارہ عالمی ادارہ صحت کا سامان لے کر مزار شریف پہنچا ہےان کے مطابق افغان بھائیوں کی مدد کے لیے یہ افغانستان پہنچنے والی پہلی امدادی فلائٹ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں