پی آئی اے کی مزید دو خصوصی پروازیں کابل کیلئے روانہ

کابل (نیوز ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد اپنے ممالک جانے کے خواہشمند غیر ملکیوں کو افغانستان سے پاکستان لانے کے لیے پی آئی اے فلائٹ آپریشن شروع ہو گیا۔ آج پہلی پرواز اسلام آباد سے کابل روانہ ہو گئی۔ سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے خود پہلی پرواز کے ساتھ روانہ ہوئے ہیں۔ سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کابل ایئر پورٹ پر افغان سول ایوی ایشن اور نیٹو افواج کے حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ کابل ایئر پورٹ پر سی ای او نئی حکومت بننے کے بعد پاکستانی سفیر منصور خان کے ہمراہ انتظامی امور اور آپریشنز کا جائزہ بھی لیں گے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی ایئربس 320 پر مشتمل خصوصی پہلی پرواز پی کے 6249 اسلام آباد سے کابل روانہ ہوئی تھی، جبکہ بوئنگ 777 پر مشتمل دوسری خصوصی فلائٹ کچھ دیر بعد روانہ ہو گی۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللّٰہ اے خان کے مطابق دونوں پروازیں آج ہی کابل سے اسلام آباد واپس آئیں گی۔ پی آئی اے کے ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ کابل میں پھنسے اقوامِ متحدہ کے 500 سے زائد ارکان کو آج پاکستان پہنچا دیا جائے گا۔ ان پروازوں کی روانگی کے بعد وزیرِ ہوابازی غلام سرور مزید پروازوں کی اجازت دیں گے۔ وزیرِ ہوا بازی کی ہدایات کے مطابق افغانستان کے دوسرے شہروں سے پروازیں چلانے کا کاجائزہ لیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ کابل پر طالبان کے مکمل کنٹرول کے بعد سے اقوامِ متحدہ اور مختلف ممالک نے پاکستان سے ان کے شہریوں کو اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جس پر پی آئی اے نے خصوصی فلائٹ آپریشن تشکیل دیا تھا۔ اس دوران کابل انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا، اس کے باوجود پی آئی اے اب تک 3 خصوصی پروازوں کے ذریعے غیر ملکیوں اور پاکستانیوں کو اسلام آباد پہنچا چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں