چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے لئےفوج تعیناتی کافیصلہ

اسلام آباد(نیوزٹویو) چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے لئے وفاقی حکومت نےسول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔ وزارتِ داخلہ کی سمری پر وفاقی حکومت سے منظوری سے فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کیلیے پاک فوج کی خدمات کی منظوری دی۔ سکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا  ہےکہ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر پاک فوج، سول حکومت کی مدد کیلئے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی، پاک فوج کے ساتھ رینجرز، ایف سی اور دیگر فورسز کی بھی سکیورٹی خدمات سرانجام دینگی، پاک فوج کے جوان پہلے ہی سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں پر مامور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج سیلاب ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ چہلم کی سیکیورٹی کیلیے بھی اپنی خدمات دیں گے۔ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کیلیے تمام فورسز کا استعمال کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ میں قائم سینٹرل کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اور سکیورٹی کے معاملات کو مانیٹر کیا جائے گا- چہلم کے جلوس، راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں